دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا میں کرکٹ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں ایک بار پھر ٹکرائیں گے۔
فائنل میچ (کل) اتوار کے روز کھیلا جائیگا، پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، شائقین کرکٹ قومی ٹیم کی فائنل میں جیت کیلئے پرجوش ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف سے کرکٹ فین نے فرمائش کر ڈالی، بنگلادیش کے خلاف میچ کے بعد سٹیڈیم میں فین نے حارث رؤف سے کہا اس بار بھارت کو نہیں چھوڑنا ہار کا بدلہ لینا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونیوالا آخری میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابر ہوگیا تھا تاہم سپر اوور میں بھارت نے سری لنکا کو بآسانی شکست دیدی تھی۔
سپر اوور میں بھارت نے سری لنکا کی جانب سے ملنے والا 3 رنز کا ہدف پہلی ہی گیند پر حاصل کرلیا تھا۔
سری لنکا کی ٹیم نے 203 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 202 رنز بنا کر میچ برابر کیا، سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا 107رنز کی شاندار باری کھیل کر نمایاں رہے تھے۔