ایشیا کپ سپر فور: بھارت نے سپر اوور میں سری لنکا کو شکست دیدی

Published On 26 September,2025 10:36 pm

دبئی: (دنیا نیوز) ٹی 20 ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونیوالا آخری میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابر ہوگیا تاہم سپر اوور میں بھارت نے سری لنکا کو بآسانی شکست دیدی۔

سپر اوور میں بھارت نے سری لنکا کی جانب سے ملنے والا 3 رنز کا ہدف پہلی ہی گیند پر حاصل کرلیا۔

 سری لنکا کی ٹیم نے 203 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 202 رنز بنا کر میچ برابر کیا، سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا 107رنز کی شاندار باری کھیل کر نمایاں رہے۔

کوشل پریرا 58، کپتان چریتھ اسالانکا 5، کمنڈو مینڈس 3 اور کوشل مینڈس 0 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، داسن شناکا 22 اور جنتھ لیاناگے 2 رنز پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادو، ورون چکرورتی، ارشدیپ سنگھ اور ہرشت رانا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں سری لنکا کے کپتان چارتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے،ابھیشیک شرما 61 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن 23 گیندوں پر 39، سوریا کمار یادیو 12، شبھمن گل 4 اور ہاردک پانڈیا 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، تلک ورما 34 گیندوں پر 49 اور اکثر پٹیل 15 گیندوں پر 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے تھکشانا، چمیرا، ہسارنگا، شناکا اور اسالانکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔