ایشیا کپ 2025 کا فائنل: بڑے معرکے کے ٹکٹ کتنے میں فروخت ہوئے؟

Published On 27 September,2025 06:38 pm

دبئی :(ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کا فائنل کل اتوار 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوگا جہاں پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

بھارتی ٹیم کے کھیل میں سیاسی بیانات دینے کے باوجود شائقین کرکٹ میں جوش و خروش عروج پر ہے اور ہزاروں فینز اب بھی ٹکٹ خریدنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے لیے کم سے کم ٹکٹ کی قیمت 350 درہم (تقریباً 26 ہزار 817 روپے) ہے جو اپر سٹینڈز کے لیے ہیں جبکہ سب سے مہنگے ٹکٹ کی قیمت 11000 درہم (تقریباً 8 لاکھ 42 ہزار 820 روپے) ہے۔

ایشیا کپ کے ٹکٹس کی فروخت کرنے والے آفیشل پورٹل پر ٹکٹس اب بھی دستیاب ہیں، دبئی سٹیڈیم کے پویلین کے ٹکٹ کی قیمت 900 درہم (68 ہزار 958 روپے) ہے۔

دیگر کیٹیگریز میں ٹکٹس کی قیمتیں 3500 درہم (2 لاکھ 68 ہزار 170 روپے)، 6000 درہم (4 لاکھ 59 ہزار 720 روپے)، 8000 درہم (6 لاکھ 12 ہزار 960 روپے) اور 11000 درہم (8 لاکھ 42 ہزار 820 روپے) مقرر ہیں۔

خیال رہے دبئی کرکٹ سٹیڈیم کے جنرل ( اپر ) سٹینڈز کے ٹکٹ 350 درہم (26 ہزار 817 روپے) میں فروخت کیے گئے ہیں جبکہ سپیشل ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمت 1500 درہم (1 لاکھ 14 ہزار 930 روپے) سے شروع ہورہی تھی۔