پاک-افریقہ وائٹ بال سیریز کی تیاریاں، فلیٹ پچز نہ بنانے کا فیصلہ

Published On 17 October,2025 12:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے حکمتِ عملی ترتیب دے دی۔

ذرائع کے مطابق وائٹ بال سیریز میں فلیٹ بیٹنگ ٹریکس نہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تھنک ٹینک نے کیوریٹرز کو پچز سے متعلق ہدایات جاری کردیں، فلیٹ بیٹنگ ٹریکس پر جنوبی افریقہ کے بیٹرز کی سٹرنتھ کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال سیریز میں ٹریکس سے باولرز خاص طور پر سپنرز کو بھی مدد ملے گی، اس لیے یک طرفہ طور پر بڑے رنز کے لیے پچز تیار نہیں کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق سیریز کے لیے قومی سکواڈ پر مشاورت کا عمل جاری ہے جبکہ اضافی سپنر کو بھی سکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعظم، نسیم شاہ سمیت تمام وائٹ بال سپیشلسٹ کھلاڑی زیرِ غور ہیں اور اگر کسی کھلاڑی کی ٹیم کو ضرورت ہوئی تو اسے نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

سلیکشن کمیٹی کے مطابق ٹی 20 سکواڈ کے تمام کھلاڑی دستیاب ہیں جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریوں کا آخری مرحلہ شروع ہو چکا ہے، آئندہ میچز کے لیے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ متوازن سکواڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 میچز 28 اکتوبر، 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو شیڈول ہیں۔