گوہاٹی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ملنے والے 320 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 42.3 اوورز میں 194 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی ۔
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اوپنر جوڑی سمیت 3 کھلاڑی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے، کپتان نیٹ سکیور برنٹ نے 64 ، ایلس کیپسی نے 50، ڈینی وائٹ ہوج نے 34 اور لنسی اسمتھ نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
قبل ازیں گوہاٹی کے بارساپارہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 319 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی کپتان نے 169 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تزمین برٹس نے 45، ماریزان کپ نے 42 اور چلو ٹریون 33 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کا 2 نومبر کو ہونیوالے فائنل میں مقابلہ کل ہونیوالے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔



