ویمنز ورلڈ کپ: بھارت نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

Published On 24 October,2025 12:59 am

ممبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 53 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 3 وکٹ پر 340 رنز بنائے، ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 44 اوورز میں 325 رنز کا ہدف ملا، کیوی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز ہی بنا سکی۔

ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی اوپنرز پراتیکا راول اور سمرتی مندھانا نے شاندار آغاز کیا، دونوں نے کیوی باؤلرز کے خلاف آزادانہ سٹروک کھیلے اور اپنی ٹیم کو 212 رنز کی مستحکم بنیاد فراہم کی، پہلے سمرتی نے سنچری بنائی، وہ 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو پھر پراتیکا راول نے سنچری مکمل کی، پراتیکا نے 122 رنز بنائے جبکہ روڈریگز نے 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

اننگز کے دوران بارش کے باعث کھیل روکنا بھی پڑا، مقررہ 49 اوورز میں بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لیوئس میتھڈ کے تحت 44 اوورز میں 325 رنز کا ہدف ملا لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں پر 271 رنز ہی بنا سکی، کیوی ٹیم کی جانب سے بروک ہیلی ڈے 81 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں جبکہ ایسابیلا نے 65 رنز بنائے۔

بھارت نے 53 رنز کی فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ہی فائنل 4 میں پہنچ چکی ہیں، ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنا آخری میچ آج سری لنکا کے ساتھ کھیلے گی۔