ون ڈے سیریز کے بعد سہ ملکی ٹورنامنٹ کا شیڈول، وینیو بھی تبدیل

Published On 13 November,2025 09:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے ساتھ ون ڈن سیریز کے بقیہ 2 میچز کے شیڈول میں تبدیلی کے بعد 3 ملکی ٹورنامنٹ کے شیڈول میں بھی ردوبدل کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 3 ملکی سیریز کے تمام میچز اب راولپنڈی میں 18 سے 29 نومبر کے درمیان ہوں گے۔

3 ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں شرکت کریں گی، اس سے قبل یہ میچز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہونے تھے، شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ بورڈز کی مشاورت سے آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے سری لنکا سے بقیہ 2 ون ڈے میچوں کا شیڈول بھی تبدیل کیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے، سری لنکا کے ساتھ ون ڈے کے بقیہ میچز 13 اور 15 نومبر کو شیڈول تھے۔