راولپنڈی: پاک سری لنکا ون ڈے میچ کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات

Published On 14 November,2025 12:53 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کی سیریز کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیمیں دوسرے ڈے نائٹ ون ڈے میچ میں آج دن دو بج کر 30 منٹ پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گی۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

خالد ہمدانی کے مطابق فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن تک سٹیڈیم و روٹ کے گرد ہوٹلز بند رکھوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہاسٹلز کی ٹیکنیکل سوئیپنگ کرکے رہاہشیوں کی از سر نو تصدیق کی گئی۔

ریڑھی بانوں و فروٹ اور اشیاء خورد و نوش کے ٹھیلوں پر بھی میچ کے اختتام تک پابندی عائد کردی گئی ہے، فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن و سٹیڈیم کے گرد و نواح میں ہوٹلز و عمارتوں کے مالکان اور رہائشیوں سے پابندی پر عملدرآمد کے بانڈز بھی لیے جارہے ہیں۔

عمارتوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت مختلف پوائنٹس پر سپیشل برانچ کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی پولیس کے 5500 سے زائد افسران و جوان سکیورٹی فرائض کے لیے تعینات ہیں، ٹریفک انتظامات کے لیے 350 سے زائد افسران و وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

مہمان ٹیم سری لنکا کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے، ٹیموں کو پاک رینجرز اور پولیس کمانڈوز کے کڑے حصار میں رکھا گیا ہے، سینئر افسران کو فیلڈ میں سکیورٹی پر مامور فورس کو چیک اور بریف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سٹیڈیم اور روٹ کے اردگرد بلند عمارتوں کے روف ٹاپ پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جس کے لیے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، تھانوں کی موبائلز سمیت ایلیٹ اور ڈولفن سکواڈز سٹیڈیم کے اطراف گشت کر رہے ہیں، شہریوں کی سہولت کے لیے موثر ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔

میڑو بس
کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ایک ایک گھنٹے کے لیے جڑواں شہروں میں میڑو بس عارضی بند رکھی جائے گی، رحمان آباد، شمس آباد اور فیض آباد کے تین میڑو سٹیشنز میچ کے دوران مستقل بند رہیں گے، بند سٹیشنز پر میڑو بس بغیر رکے آپریشنل رہے گی۔

میڑو بسوں میں سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے چاندنی چوک سے آئی جے پی سٹیشن اور آئی جے پی سے چاندنی چوک سٹیشن تک دو دو اہلکار تعینات رہیں گے۔