قومی کھلاڑیوں کا پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم سے اظہار تشکر

Published On 13 November,2025 05:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا، پیغام میں شاہین آفریدی نے کہا کہ شائقین کل میچ دیکھنے راولپنڈی سٹیڈیم ضرور آئیں۔

اس کے علاوہ محمد رضوان، حارث روف ، سلمان علی آغا اور ابرار احمد نے بھی سری لنکن کرکٹ بورڈ اور سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجرکا بیان سامنے آیا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی بڑھانے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے بقیہ دو میچز کا شیڈول تبدیل کیا گیا جس کے بعد یہ میچز14 اور 16 نومبر کو کھیلیں جائیں گے۔