پرتھ: (دنیا نیوز) ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں مچل سٹارک کی تباہ کن بولنگ کے باعث انگلینڈ کی پوری ٹیم 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پرتھ میں کھیلے جارہے میچ میں بین سٹوکس کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے نے ماہرین کرکٹ کو بھی حیران کردیا۔
انگلش ٹیم ابتداء سے ہی مشکل میں رہی اور پہلے اوور کی آخری گیند پر ہی پہلی وکٹ گنوادی، زیک کرولی بغیر کوئی رن بنائے مچل سٹارک کا شکار بنے۔
مچل سٹارک نے میچ کے ساتویں اوور میں 33 کے مجموعی سکور پر بین ڈکٹ کو 21 کے انفرادی سکور پر اور نویں اوور میں جو روٹ کو صفر پر چلتا کیا۔
اولی پوپ اور ہیری بروک نے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم لنچ سے قبل ہی 94 کے مجموعی سکور پر اولی پوپ 46 رنز بناکر کیمرون گرین کا شکار بن گئے۔
انگلینڈ نے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تاہم بعد میں ہیری بروک اور کپتان بین سٹوکس بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور یکے بعد دیگرے انگلش ٹیم کی وکٹیں گرتی گئیں اور یوں پوری ٹیم 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل سٹارک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، برینڈن ڈوگٹ نے 2 اور کیمرون گرین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلوی ٹیم
آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں کپتان سٹیو سمتھ، عثمان خواجہ، جیک ویدرالڈ، مارنوس لبوشین، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل سٹارک، نیتھن لیون، برینڈن ڈوگٹ اور سکاٹ بولینڈ بھی شامل ہیں۔



