کراچی: (دنیا نیوز) سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں آج سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
ایونٹ کے ابتدائی معرکے میں زمبابوے کی ٹیم کو میزبان پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ آئی لینڈرز اپنی مہم کا آغاز کریں گے، زمبابوے نے پاکستان کے خلاف میچ میں بھرپور مزاحمت کی، بیٹنگ کے شروع میں زمبابوے کی ٹیم کا کھیل کافی اچھا رہا مگر بعد ازاں 37 رنز کے دوران 7 وکٹیں گنوا کر مشکلات کا شکار ہوگئی۔
بعد میں زمبابوین پیسرز نے پاور پلے میں پاکستان کی 3 اہم وکٹیں اڑائیں مگر فخر زمان، عثمان اور نواز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کر دیا تھا۔
آج کے میچ میں آئی لینڈرز کی قیادت ڈاسن شناکا کے ہاتھوں میں ہوگی، پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد آئی لینڈرز ٹرائنگولر سیریز میں اچھی کار کردگی کیلیے پر اعتماد ہیں۔



