پرتھ ٹیسٹ 2 روز میں ختم ہونے سے آسٹریلیا کو بھاری مالی نقصان

Published On 24 November,2025 01:48 am

سڈنی: (دنیا نیوز) پرتھ ٹیسٹ صرف 2 روز میں ختم ہونے سے کرکٹ آسٹریلیا کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ سنچری نے پرتھ ٹیسٹ میچ کو دوسرے ہی دن ختم کر دیا جس کے باعث تیسرے اور چوتھے روز کی ٹکٹیں شائقین کو واپس کرنا پڑ رہی ہیں، کرکٹ آسٹریلیا کو دو سے تین ملین آسٹریلوی ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہے جبکہ براڈکاسٹرز کا مالی نقصان بھی تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔

پہلے دو روز میں ایک لاکھ ایک ہزار سے زائد تماشائی سٹیڈیم میں موجود رہے اور تیسرا دن بھی مکمل سولڈ آؤٹ تھا، کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے میچ کے جلد اختتام اور سیریز پر پڑنے والے مالی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔