بھارت سے میچز منتقلی کی درخواست مسترد ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں: بی سی بی

Published On 08 January,2026 01:07 am

ڈھاکہ: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے میچ بھارت سے منتقل ہونگے یا نہیں؟ تاحال فیصلہ نہ ہو سکا۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت سے میچز منتقلی کی درخواست مسترد ہونے کی خبروں کی تردید کر دی، بی سی بی کا کہنا ہے آئی سی سی نے بھارت سے میچز منتقل کرنے کی درخواست مسترد نہیں کی، آئی سی سی نے بنگلادیش ٹیم کی ورلڈ کپ میں بغیر کسی رکاوٹ شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

آئی سی سی نے بی سی بی تحفظات پر ملکر کام کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے، بنگلا دیش کے سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل کا کہنا ہے بنگلا دیش نے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہوا ہے، ہم کرکٹ سے پیار کرنیوالے لوگ ہیں۔

آصف نذرل کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ملک کے وقار اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی کو دیکھتے ہوئے ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، امید ہے آئی سی سی ہمارے مؤقف کو غیر جانبداری سے سنے گی۔

واضح رہے کہ کرکٹ ویب سائٹ نے خبر دی تھی بنگلا دیش کی بھارت سے میچز منتقل کرنے کی درخواست آئی سی سی نے مسترد کر دی ہے۔