گجرات: (دنیا نیوز) گجرات میں تین ماہ قبل اٹلی پلٹ لڑکی کو نام نہاد غیرت کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ سوشل میڈیا اور اٹالین میڈیا میں خبرعام ہونے پر مقتولہ کے والد، چچا اور بھائی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
گجرات میں زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ، غیرت کے نام پر ایک اور حوا کی بیٹی سے جینے کا حق چھین لیا گیا۔ منگوال میں غیرت کے نام پر باپ نے اٹلی پلٹ بیٹی کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق باپ نے بھائی اور بیٹے کیساتھ ملکرغیرت کے نام پر 26 سالہ اٹالین نیشنلٹی ہولڈر بیٹی کو قتل کرنے کے بعد حادثاتی موت قرار دے کر دفنا دیا۔ سوشل میڈیا اور اٹالین میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد باپ بیٹے سمیت 3 افراد کیخلاف قتل کامقدمہ درج ہوگیا۔
26 سالہ ثناء چیمہ کی جانب سے اٹلی میں شادی کرنے کی خواہش کا اظہار اور خاندان میں شادی سے انکار پر باپ غلام مصطفےٰ نے بھائی مظہر اقبال اور بیٹے عدنان مصطفی کیساتھ ملکر3 ماہ قبل پاکستان بہانے سے بلا کر قتل کر دیا اور ٹریفک حادثے میں اسکی ہلاکت قرار دے کر اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔ تاہم اٹلی اور پاکستان کے سوشل میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او گجرات بشیر چیمہ کی ہدایت پر تھانہ کنجاہ نے ایس ایچ او وقار گجر کی مدعیت میں لڑکی کے باپ، چچا اور بھائی کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے قبرکشائی، پوسٹمارٹم کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔