لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں رنگ روڈ پر ڈولفن فورس کی مبینہ فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا۔ پولیس 5 روز بعد بھی ملزمان کا ریکارڈ سامنے لا سکی۔
لاہور میں رنگ روڈ پر پانچ روز قبل رنگ روڈ پر ڈولفن فورس اور مشکوک کار سواروں میں مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں چودہ سالہ نوجوان راہ گیر جاں بحق ہو گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوان ڈولفن فورس کے اہلکار کی گولی سے جاں بحق ہوا تھا۔ کار سواروں کی جانب سے کوئی فائرنگ نہیں کی گئی تھی جبکہ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ کار سوار ریکارڈ یافتہ ملزم تھے اور پولیس نے اسلحہ بھی برآمد کیا۔
پانچ روز گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ پیش کر سکی اور نہ ہی مقدمہ میں ملوث ڈولفن اہلکاروں کو حراست میں لیا جا سکا ہے۔
عینی شاہدین کے بیان ریکارڈ ہوئے نہ ہی سی سی ٹی وی کی مدد سے تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا گیا۔ تاحال فرانزک رپورٹ بھی نہیں جاری کی گئی۔ لواحقین نے چیف جسٹس پاکستان سے معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔