کراچی: قائد آباد میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

Last Updated On 28 August,2018 07:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے قائد آباد میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔ دوسری طرف تھانہ عوامی کالونی کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر کے مطابق شہید پولیس اہلکار گل احمد چورنگی کے قریب فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ فائرنگ کا واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا ملزم رحمان بادشاہ موقع سے فرار ہو گیا، ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

دوسری طرف تھانہ عوامی کالونی کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق ملزم آصف نے شارع فیصل پر پٹرول پمپ کیشیئر پر فائرنگ کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پر ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے اور مقابلے کے بعد اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔