کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 8 ماہ کی بچی فائزہ کو اغوا کرنے کا ڈرامہ کرنے پر والدہ انیسہ کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق والدہ نے فائزہ کو مرضی سے دوست کے حوالے کیا تھا، مقدمے میں پولیس کو گمراہ کرنے کی دفعات شامل کر کے ملزمہ سے تفتیش شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، نیپیئر کے علاقے میں ماں کی گود سے بچی چھیننے جانے کا واقعہ ڈرامہ نکلا، ملزمہ انیسہ کو پولیس کو گمراہ کرنے پر گرفتار کر لیا۔ 8 ماہ کی فائزہ کو والدہ انیسہ نے اپنے جاننے والے عمران نامی شخص کے حوالے کیا تھا، شوہر اور خاندان والوں کے سامنے بچی چھیننے جانے کا ڈرامہ رچایا تھا۔
بچی فائزہ کو لینے والے ملزم عمران نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ انیسہ نے 12 ستمبر کو گھر بلا کر 8 ماہ کی فائزہ اس کے حوالے کی تھی، 13 ستمبر کو پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی تو ابتداء سے ہی فائزہ کے گھر والوں پر بچی مرضی سے دینے کا شبہ تھا۔
کالز ریکارڈ اور ٹیکنیکل ڈیٹا کی مدد سے پولیس نے ملزم عمران کا سراغ لگا کر بچی برآمد کر لی، تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے میں پولیس کو گمراہ کرنے کی دفعات شامل کر کے ملزمہ انیسہ سے تفتیش کی جا رہی ہے۔