کراچی میں پولیس مقابلہ، مبینہ طور پر 2 ٹارگٹ کلر ہلاک

Last Updated On 28 September,2018 06:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی داراحکومت میں پولیس اہلکار کے قتل سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو قاتل مقابلے میں مارے گئے، کورنگی سے اسٹریٹ کرمنل اور گلشن اقبال سے گھروں میں ڈکیتی کے تین ملزمان پکڑے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے تعاقب کے دوران ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسکاؤٹ کالونی کے قریب مقابلہ ہوا اور دو انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ریحان بنگالی اور معصوم مارے گئے، ریحان بنگالی پولیس افسر اسلم قادری سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث تھا۔ ریحان بنگالی دو ہزار بارہ سے ٹارگٹ کلنگ اور ڈکیتی کی ورداتیں کررہا تھا۔ ملزم کے دوسرے ساتھی معصوم کے کرمنل ریکارڈ کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ 

دوسری جانب باغِ کورنگی کے قریب پولیس مقابلے میں ڈاکو حماد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم حماد کو شارع فیصل پر پٹرول پمپ کی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ جبکہ گلشن اقبال پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے تین ملزمان پکڑ لئے۔ پولیس کے مطابق اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جارہی ہے۔