گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گھر کے سامنے جھگڑے سے منع کرنے پر دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ لیگی کونسلر بیٹے سمیت جاں بحق جبکہ ایک بیٹا زخمی ہو گیا۔
راجکوٹ کے علاقہ ارشاد کالونی میں دو نامعلوم نوجوان یونین کونسل 63 سے لیگی کونسلرشوکت علی کے گھر کے سامنے جھگڑا کر رہے تھے۔ شور کی آواز سن کر شوکت علی اپنے دو بیٹوں علی حسن اور علی رضا کے ہمراہ گھر سے باہر آ گیا اور انہیں جھگڑا کر نے سے روکا جس پر جھگڑا کرنے والے نوجوانوں نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے علی رضا موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ شوکت علی اوراس کا بیٹا علی حسن شدید زخمی ہو گئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شوکت علی بھی جاں بحق ہو گیا جبکہ نوجوان فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
دوسری طرف پولیس نے بھی واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔