کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے تین دہشتگردوں کو سزا سنا دی۔ ملزمان پر پولیس مقابلہ، غیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کا جرم ثابت ہو گیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں لیاری گینگ وار کے تین دہشتگردوں سعید عرف کانا۔ امتیاز بنگالی اور طلحہ کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم سعید عرف کانا کو چوبیس سال، امتیاز بنگالی اور طلحہ کو سترہ، سترہ سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے ملزم سعید کانا پر ایک لاکھ روپے جبکہ امتیاز اور طلحہ پر پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
ملزمان کو تھانہ کلاکوٹ کی حدود سے رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کےدوران گرفتار کیا تھا