اسلام آباد: (دنیا نیوز) بینک اکاؤنٹ سے پیسوں کی چوری کی بڑی واردات سامنے آئی ہے۔ کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری کے سابق سائنسدان یوسف خلجی کےاکاؤنٹ سے 30 لاکھ چرا لئے گئے، کسی جگہ شنوائی نہ ہونے پر ایٹمی سائنسدان سپریم کورٹ پہنچ گئے۔
عدالت عظمیٰ کے انسانی حقوق سیل میں جمع کرائی گئی درخواست میں یوسف خلجی نے موقف اپنایا کہ تیس لاکھ کی رقم 25 اور 26 اکتوبر کو سترہ گھنٹوں میں 2015 ٹرانزیکشنز کے ذریعے نکلوائی گئی۔ عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یوسف خلجی نے کہا کہ وہ زندگی کی جمع پونجی لٹنے سے سڑک پر آ گئے ہیں۔
ڈاکٹر یوسف خلجی نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ پولیس اور ایف آئی اے نے ان کی فریاد نہیں سنی، ان کی زندگی بھر کی حلال کی کمائی واپس دلوائی جائے۔