جہانیاں: (دنیا نیوز) جہانیاں کا شہری بینک اکاؤنٹ ہیکرز کے ہاتھوں 14 لاکھ روپے سے محروم ہو گیا۔ دوسرے واقعے میں احمد پور سیال سے تعلق رکھنے والے سکول ٹیچر کے اکاونٹ سے بھی ہیکرز نے رقم نکال کر 4 لاکھ سے محروم کر دیا۔
جہانیاں کے شہری 67 سالہ حاجی محمد اکرم کو کال موصول ہوئی کہ بینک نے اکاؤنٹ ہولڈرز کو تحفظ دینے کی پالیسی تشکیل دی ہے، اس کا بینک اکاونٹ اپڈیٹ کرنا ہے اور وہ پرسنل معلومات فراہم کرے۔ شہری کے انکار پر بینک کی ہیلپ لائن سے کال کر کے ڈیٹا فراہم کرنے کا کہا گیا جس پر ڈیٹا فراہم کر دیا گیا مگر اگلے چند منٹ بعد اکاؤنٹ سے رقم کا صفایا ہو گیا۔ رابطے پر بینک نے مدد سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب احمد پور سیال کے سرکاری سکول ٹیچر کے اکاؤنٹ سے 4 لاکھ 20 ہزار روپے نکال لیے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر بینک ہیکرز نے 18 لاکھ سے زائد رقم بٹور لی۔
لٹنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ بینک عملہ بھی تعاون نہیں کر رہا جس کے باعث وہ شدید پریشان ہیں۔ شہریوں نے رقم ریکوری کا مطالبہ کیا ہے۔