کراچی پولیس کی کارروائی، سمگل شدہ چھالیہ کی 1080 بوریاں برآمد

Last Updated On 17 November,2018 04:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پولیس نے سائٹ بی کے علاقے میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے اسمگل شدہ چھالیہ کی 1080 بوریاں برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق پکڑی گئی چھالیہ کی مارکیٹ میں قیمت 5 کروڑ سے زائد ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان نے بتایا کہ سائٹ بی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ اسمگل شدہ چھالیہ گوداموں میں چھپانے کے لئے منتقل کی جا رہی ہے جس پر پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، پہلی کارروائی حب ریور روڈ پر کرتے ہوئے 4 سو نوے بوریاں پکڑیں اور پولیس نے ٹرک تحویل میں لے لیا۔

دوسری کارروائی اسمال انڈسٹری زون حب ریور روڈ پر کی گئی جس میں 490 بوریاں کٹی ہوئی چھالیہ کی پکڑی گئیں۔ دونوں کارروائیوں میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

پولیس نے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں اور کروڑوں روپے کی چھالیہ تحویل میں لے لیں۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس نے سیمنز چورنگی پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر کے پلاسٹک کے شاپرز کے سو بورے برآمد کرلئے۔ پلاسٹک کے شاپر غیر قانونی طور پر اسمگل کر کے کراچی لائے گئے تھے۔