سرگودھا: (دنیا نیوز) نواحی علاقہ پھلروان میں ایک اور حوا کی بیٹی درندگی کا نشانہ بن گئی، 14 سالہ یتیم، گونگی بہری لڑکی کو اغواء کے بعد 4 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پھلروان کے نواحی علاقے میں 14 سالہ بن ماں باپ کے یتیم فرح بی بی کو اغواء کے بعد ظالموں نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ 14 سالہ فرح سننے اور بولنے کی سماعت سے محروم ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل اغواء ہونے والی فرح بی بی کو ملزمان سلطان ولد خان محمد اور نوید ولد وزیر اغواء کر کے اپنے ساتھ ڈیرے پر لے گئے جہاں انکے دو نامعلوم دوست بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ملزمان نے بچی کی حالت تشویشناک ہونے پر بچی کے ہاتھ میں گھر کا پتہ دے کر انٹرچینج پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
انٹرچینج پر موجود لوگوں نے بچی کے گھر اطلاع کر کے بتایا تو اسکے بھائی ،بہن اور چاچا فوراً پہنچے۔ متاثرہ بچی کے بھائی کی درخواست پر تھانہ پھلروان پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ بچی کو میڈیکل کیلئے رورل ہیلتھ سنٹر پھلروان منتقل کر دیا ہے جہاں میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید کاروائی کی جائے گی۔