سرگودھا: (دنیا نیوز) نواحی علاقے معظم آباد سے 5 روز قبل اغواءہونے والے بینک منیجر کی لاش گاوں کے کنویں اور کار کھیتوں سے برآمد کر لی گئی، اغواء کار قاتل مغوی کے قریبی رشتہ دار نکلے، ایک ملزم گرفتار جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
کلب روڈ سرگودھا پر واقعہ نجی بینک کے منیجر قاسم حیات لک کو 24 نومبر کو نا معلوم افراد نے گاڑی سمیت اغواء کر لیا تھا، مغوی کی لاش گاوں کے کنویں سے مل گئی ہے جبکہ گاڑی کو اغواء کاروں نے قریبی کھیتوں میں چھپا دیا، اغواء کار مغوی کے قریبی رشتہ دار بتائے جا رہے ہیں جو واردات کے بعد مغوی کے خاندان سے اظہار ہمدردی کے ساتھ قاسم کی تلاش میں بھی پیش پیش رہے، شبہ پڑنے پر کوٹمومن پولیس نے ایک ملزم سے پوچھ گچھ کی تو اس نے قاسم کے اغواء کے بعد قتل کا اعتراف کرتے ہوئے نعش گاوں کے کنویں سے اور گاڑی کھیتوں سے برآمد کرا دی۔ جبکہ اس کا ساتھی روپوش ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، پولیس نے لاش تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔