اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارلحکومت میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کے کیسزمیں ایک سال کے دوران اضافہ ہو گیا۔ غیرقانونی اسلحہ کے مقدمات میں 47 فیصد جبکہ منشیات کے مقدمات میں 56 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایاگیاکہ اسلام آباد کی حدود میں دو ہزار اٹھارہ کے دوران غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات 727 سے بڑھ کر 1072 ہوگئے جبکہ منشیات کے کیسز 907 سے بڑھ کر 1418 تک پہنچ گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق شہر اقتدار میں کار چوری، موٹر سائیکل، لوٹ مار اور اغواء کے کیسز میں کمی ہوئی۔ قتل اور ڈکیتی کے واقعات میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ کار چوری کے واقعات میں 27 فیصد، موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں 21 فیصد، لوٹ مار کے مقدمات میں 24فیصد اور قتل کے واقعات میں 20 فیصد کمی ہوئی۔ ایک سال کے دوران اغواء کے واقعات میں 21 فیصد اور قتل کے واقعات میں 20 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈکیتی کے واقعات 39 سے کم ہوکر صرف 28 رہ گئے۔ لوٹ مار کے واقعات بھی 427 سے کم ہوکر 403 ہوئے۔