کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی

Last Updated On 18 January,2019 10:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ قائد آباد پر آئل ٹینکر اور واٹر ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو ئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے مکان میں فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کردیا گیا۔ مرنے والوں میں عدنان اور امتیاز سگے بھائی ہیں جبکہ تیسرا شخص ندیم انکا دوست تھا۔ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ آلاصف اسکوائر کے قریب نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار تین افراد پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مذہبی جماعت کے 2 کارکن عبدالواحد اور عبدالمومن شدید زخمی ہوگئے۔

ادھر قائد آباد پل کے نیچے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو افراد ایاز اور آفاق کو زخمی کر دیا۔ لیاری نوالین میں پولیس نے مقابلے کے بعد شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے اسٹریٹ کرمنل کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔