فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پتنگ بازی پر لگی پابندی کو منچلوں نے پتنگوں کے ساتھ ہی ہوا میں اُڑا دیا۔ آسمان پر اُڑتی ہوئی رنگ برنگی پتنگیں پولیس کے دعووّں کا راز بھی افشاں کرتی رہیں۔
پتنگ بازی پر لگی پابندی کو منچلوں نے رکھا جوتے کی نوک پر۔ پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کے خاتمہ کے بہت سے دعوے تو سامنے آئے مگر رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا آسمان اور بوکاٹا کی بلند ہوتی ہوئی صدائیں سبھی دعووّں کی نفی کرتے رہے۔
شہری کہتے ہیں کہ ظالم کیمیکل ڈور کا شکار بن کر متعدد شہری اسپتالوں میں پہنچ گئے مگر حکام کو خیال تک نہیں آتا۔
دوسری جانب منچلے کہتے ہیں کہ پولیس کو جوکرنا ہے کرلے ہم تو ہر صورت بسنت منائیں گے۔ البتہ اگر کوئی دن مختص اور جگہ مختص کردی جائے تو اس تہوار کو بغیر کسی نقصان کے منایا جاسکتا ہے۔
شہری کہتے ہیں کہ اگر پولیس اپنے دفاتر میں بیٹھ کر دعوے کرنے کی بجائے پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے اقدامات اُٹھائے تو اس جان لیوا کھیل کو لگام ڈالی جاسکتی ہے۔