ساہیوال: قادر آباد میں گاڑی پر فائرنگ، 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

Last Updated On 20 January,2019 11:03 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال قادر آباد کے قریب پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، واقعے میں کار میں سوار تین میں سے ایک بچہ بھی زخمی ہوا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک افراد اغواء کار تھے۔

ساہیوال قادر آباد جی ٹی روڈ پر کار پر ہونے والی فائرنگ معمہ بن گئی، کار میں سوار افراد کون تھے، کیا عزائم تھے، کیوں مارے گئے ؟ کوئی نہیں جانتا تاہم ترجمان پولیس کے مطابق لاہور سی ٹی ڈی کار کا پیچھا کرتے ہوئے قادرآباد پہنچی اور گاڑی کو روکا جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ دہشت گرد 2 مرد اور 2 خواتین ہلاک ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق 3 بچے بھی موجود تھے، کارسواروں نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔ کار سوار بچوں نے عینی شاہدین کو بتایا کہ ان کے ممی پاپا کو پولیس نے مارا۔ پولس ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اہلکار ہلاک ہونے والے مرد و خواتین کی لاشیں اور بچوں کے علاوہ کار سے برآمد ہونے والی اشیا اپنے ساتھ لے گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے واقعے کے بعد پولیس بچوں کو پٹرول پمپ پر چھوڑ گئی اور تھوڑی دیر بعد پولیس اہلکار بچوں کو دوبارہ ساتھ لے گئے۔ زخمی بچے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیئے گئے، بچوں کے کمرے کے باہر پولیس کی نفری تعینات ہے جبکہ کار ساہیوال پولیس کے قبضے میں ہے۔