ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فیس بک کے ذریعے پیسوں کا لالچ دے کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے بین الاقوامی گروہ کا اہم رکن گرفتار کر لیا۔ ملزم نے مقامی شہری سے چالیس لاکھ کا فراڈ کیا، ملزم نائجیرین شہری ہے۔
ایبٹ آباد کے رہائشی طاہر سرور نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو درخواست دی کہ فیس بک کے ذریعے اس کو بھاری رقم دینے کا جھانسہ دے کر چالیس لاکھ روپے وصول کر لیے گئے اور اس کے ساتھ فراڈ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم طاہر خان نے درخواست پر کارروائی کی اور ایک غیر ملکی نائجیرین شہری کو گرفتار کر لیا جس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم طاہر خان کے مطابق گرفتار ملزم بین الاقوامی گروہ کا اہم رکن ہے، اس کے ساتھی یو کے، نائجیریا، اسلام آباد اور لاہور میں موجود ہیں جو فیس بک کے ذریعے شہریوں کو بھاری ڈالر دینے کی لالچ میں ان سے فراڈ کر کے بھاری رقم وصول کرتے ہیں۔ دیگر ملزمان کو انٹرپول سے گرفتار کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔