کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس حکام تھانہ کلچر تبدیل کرنے میں ناکام ہو گئے۔ فیروز آباد پولیس کی سنیپ چیکنگ کے بہانے سے شہری سے لوٹ مار، ڈی آئی جی ایسٹ نے واقعے پر نوٹس لے کر دو روز میں رپورٹ طلب کرلی۔
کراچی میں فیروز آباد پولیس نے سنیپ چیکنگ کے بہانے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی، متاثرہ شہری عبید کے مطابق دوست کیساتھ گاڑی میں جا رہا تھا کہ فیروزآباد پولیس کے دو اہلکاروں عدنان اور اظہار نے انھیں روکا۔ اہلکاروں نے گاڑی سے پستول۔ لائسنس اور ساٹھ ہزار روپے نکالے۔ شہری نے الزام عائد کیا کہ مزاحمت پر دونوں اہلکاروں کی جانب سے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تھانے پہنچا دیا گیا۔
ایس ایچ او سرور کمانڈو کی جانب بھی تشدد کیا گیا اور ہم سے پانچ لاکھ روپے رشوت طلب کی گئی۔ شہری کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ہمیں بعد میں چھوڑ دیا گیا مگر لائسنس یافتہ پستول اور ساٹھ ہزار روپے پولیس نے رکھ لیے۔ واقعے پر ڈی آئی جی ایسٹ نے نوٹس لیکر ایس ایس پی ڈاکٹرفاروق کو معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دیدیا۔