کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران منشیات کی سمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام بنا دیں۔ کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت پندرہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز نے گزشتہ 15 دنوں کے دوران مختلف جگہوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف اشیا اور منشیات برآمد کیں۔ ترجمان کے مطابق ناکہ کھاری چیک پوسٹ وندر بلوچستان پر گاڑیوں سے 40 کلوگرام چرس برآمد کی اور خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیا۔
اس کے علاوہ حب ساکران روڈ اور کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب 54 ہزار 604 کلو چھالیہ برآمد کی اور دو افراد گرفتار کیے۔ گوادر، پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے 10 تارکین وطن گرفتارکیے۔
یہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانیکی کوشش کر رہے تھے۔ ضبط کی گئی منشیات، چھالیہ، 5 سمگلرز اور 10 تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے کر ان کیخلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پکڑی جانے والی منشیات اور چھالیہ کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔