شکر گڑھ: (دنیا نیوز) تھانہ صدر کے موضع سروچاں میں اولاد نہ ہونے پر شوہر نے گھر والوں کے ساتھ مل کر مبینہ طورپر بیوی کو تشدد کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق شکرگڑھ کے موضع تولہ کی 24سالہ ماریہ کی 4 سال قبل نصیر سے شادی ہوئی تھی تاہم اولاد نہ ہونا اس کا جرم بن گیا جس پر خاوند اورسسرال والے اکثر اس سے جھگڑتے اور مار پیٹ کرکے گھر سے نکال دیتے تھے۔
ذرائع کے مطابق ماریہ کے والد انتقال کر گئے جب بھی ناراض ہو کر گھر جاتی تو گھر میں موجود ماں بیٹی کو سسرال بھیج دیتی۔ پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق مقتولہ کی بہن نادیہ نے الزام لگایا ہے کہ ماریہ کے سسرالیوں نے بد ترین تشدد کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق ماریہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ملزمان بااثر ہیں۔ اس لئے پوسٹ مارٹم کے باوجود 4 روز بعد بھی پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔
دوسری طرف پولیس تھانہ صدر کا کہنا ہے کہ ماریہ کا شوہر شامل تفتیش ہے جبکہ ڈی ایس پی ملک خلیل کا کہنا ہے کہ نمونہ جات کی لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد ہی ایف آئی آر درج ہوگی۔