لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج زور پکڑ گیا، پنجاب حکومت کی بنائی گئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی سے ایم آئی ٹی بل واپس لینے کیلئے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم بھی دے دیا۔
ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج نویں روز میں داخل ہوگیا۔ فیصل آباد میں ڈاکٹرز نے آج بھی سول اور الائیڈ ہسپتال کے آؤٹ ڈورز میں کام بند رکھا اور احتجاج کیا، احتجاج کے باعث ہسپتالوں میں آنے والے مریض دربدر ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔
ملتان نشتر ہسپتال میں بھی ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آج بھی جاری رہی، تاہم سینئر ڈاکٹرز نے آوٹ ڈور سروس مریضوں کیلئے بحال کر دی، ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریض پریشانی سے دوچار نظر آئے۔
لاہور فیروز پور روڈ پر ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا گیا، حکومت کیخلاف نعرےبازی بھی کی، ڈاکٹر کے احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔