مظفرآباد میں ڈکیتی اور راہزنی واقعات میں اضافہ، مسافر لٹیروں کے رحم و کرم پر

Last Updated On 20 June,2019 09:42 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) مظفرآباد میں کوہالہ راولپنڈی شاہراہ پر ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا، حکام نے مسافروں کو لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔

مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے مخلتف علاقوں نیلم ہٹیاں اور باغ سے روزانہ ہزاروں مسافر اور سیاحوں سمیت مال بردار گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد مری کوہالہ روڈ پر سفر کرتی ہے لیکن حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے سبب ویرانوں میں مسلح ڈاکووں کی جانب سے راہزنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔

دوسری جانب آزادکشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام راہزنی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے مل کر عملی اقدامات کا دعویٰ ہی کررہے ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر کی حدود سے گزرتی اس شاہراہ پر ڈکیتی کے بڑھتے واقعات پر متعلقہ اداروں اور مقامی پولیس کو بھی متعدد درخواستیں دیں لیکن آج تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔