آزاد کشمیر: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا اور بھارتی گولہ باری سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی۔ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن کے متاثرین کی جرات اور جزبہ مثالی ہے۔
چکوٹھی سیکٹر کے متاثرین کیمپ کے دورے کے موقع پر سردار مسعود کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ بسنے والے بہادر عوام کے تعاون سے پاک فوج نے دشمن کے بزدلانہ حملے اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور نہایت موثر انداز میں علاقے کا دفاع کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت نے تمام ماتحت اداروں اور متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثر ہونے والے شہریوں کی بحالی اور ریلیف کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے بہادر عوام لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب اپنے بھائیوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے اور بھارت کا کوئی حربہ انہیں اس حمایت سے باز نہیں رکھ سکتا۔