فیصل آباد میں پیشہ وربھکاریوں کیخلاف کارروائی، درجنوں بھکاریوں کو دھر لیا گیا

Last Updated On 24 October,2019 06:32 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پیشہ وربھکاریوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ دارالامان نے کمر کس لی۔ شہر بھر کی مختلف شاہراہوں پر کارروائیوں کے دوران درجنوں بھکاریوں کو دھر لیا گیا۔

فیصل آباد میں بھکاری مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ دالامان کا آپریشن، مختلف چوک چوراہوں میں کارروائیوں کے دوران 40 سے زائد پیشہ ور بھکاریوں کو پکڑ لیا گیا۔

کارروائی کے دوران داالامان کی ٹیمیں پہنچیں توبھکاریوں نے دوڑیں لگا دیں۔ خاتون بھکارن نے تو آو دیکھا نہ تاو، اپنی دودہ پیتی بچی کو پھینک کر چلتی بنی جسے ٹیموں نے تعاقب کرتے ہوئے حراست میں لیا۔

کاروائی میں پکڑے گئے بھکاری کہتے ہیں کہ حکام مانگ کر جمع کئے گئے پیسے چھین کر چھوڑ دیتے ہیں اگر ان بے سہارا افراد کے رہنے اور باقاعدہ روزگار کا حکومتی سطح پر انتظام کیا جائے تو یہ مانگنے جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے کو تیار ہیں۔

شہری کہتے ہیں کہ حکام بھکاری مافیا کے ساتھ ساتھ انکا نیٹ ورک چلانے والے بااثر عناصر کے خلاف کاروائیاں عمل میں لائیں تا کہ اس ناسور کو جڑ سے ختم کیا جاسکے۔