ڈسکہ: (دنیا نیوز) سمبڑیال روڈ پر فیملی ہسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے باپ بیٹے کو قتل کردیا جبکہ ایک راہ گیر خاتون بھی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئی۔
ڈسکہ کی نواحی بستی محلہ رحمن پورہ کا رہائشی اکرم وڑائچ اپنے جواں سال بیٹے نازش کے ساتھ ریڑھے پر جانوروں کے لئے چارہ لینے جارہا تھا جیسے ہی وہ فیملی ہسپتال کے قریب پہنچا تو پیچھے سے آنے والے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے دونوں باپ بیٹا موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر آنسہ نامی خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
زخمی خاتون کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا، وجہ عناد معلوم نہیں ہوسکی۔