کراچی: دن دیہاڑے بفرزون میں ڈکیتی، حجام اور گاہک قیمتی اشیا سے محروم

Last Updated On 25 October,2019 08:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کا ضلع وسطی جرائم پیشہ ملزمان کے لئے جنت بن گیا، دن دیہاڑے 3 ڈاکووں نے بفرزون میں ہیئر ڈریسر کی دکان میں واردات کی ، دکان میں موجود کسٹمرز بھی اپنی قیمتی اشیا سے محروم ہو گئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔

کراچی کے بفر زون میں 3 ڈاکو ہیئر ڈریسر کی دکان میں داخل ہوئے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکووں نے ہیئر ڈریسر کی دکان میں بیٹھے گاہکوں کو بھی نہ بخشا۔ فوٹیج میں ملزمان کے چہرے بھی واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

ڈکیت گروپ نے دکان میں داخل ہوتے ہی گاہکوں کو یرغمال بنایا اور دکان کی درازیں اور گاہکوں کی تلاشی لیتے ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ لوٹ مار کے بعد ڈکیت ملزمان فرار ہونے سے قبل دکان میں موجود افراد کو نیچے زمین پر بیٹھنے کا کہہ کر فرار ہو رہے ہیں۔ شہر میں ڈکیتی کی روز بڑھتی وارداتوں اور پولیس کی مکمل ناکامی پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔