پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے تاریخی گھنٹہ گھر میں تجاوزات مافیا کا راج، گذشتہ چار سالوں سے تجاوزات کے خلاف آپریشن نہ ہو سکا۔ تاریخی بازار میں ٹریفک جام معمول بن گیاک، پیدل چلنے والوں کو بھی جہاں مشکلات کا سامنا ہے وہیں 50 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر ہیری ٹیج ٹریل کا تشخص بھی ماند پڑ گیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور میں ہیرٹیج ٹریل پرکروڑوں روپے تو خرچ کئے گئے لیکن دیکھ بال کیلئے کسی قسم کے انتظامات نہیں، تجاوزات نے ہیری ٹیج ٹریل کا حلیہ ہی بگاڑ دیا۔
ہیری ٹیج ٹریل منصوبے کی تعمیر پر پچاس کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی تاہم ٹریفک کیلئے مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے اورتجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ ہیری ٹیج ٹریل میں صفائی کیلئے بھی کسی قسم کے انتظامات نہیں، جابجا گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں جو حکام کی فوری توجہ کا متقاضی ہیں۔