گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پولیس حراست میں ہائی پروفائل ملزم لقمان عرف ہلاکو کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کرائم سین کا ازسرنو جائزہ لے کر تحقیقات کریگی۔ فرانزک ٹیم نے کرائم سین سے شواہد جمع کر لئے ہیں۔ حملے کے وقت موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کے بیانات کا فرانزک شواہد سے موازنہ کیا جائیگا۔
پولیس تحقیقاتی ٹیم گرفتار ملزم ماسٹر اعجاز سے بھی تحقیقات کریگی جبکہ کرائم سین کے گردونواح میں رہنے والے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ ہوگی۔ ٹیم واقعہ سے متعلق رپورٹ چار روز میں سی پی او کو پیش کریگی۔ رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے مرتکب یا قصوروار پائے جانیوالے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر آباد: انڈونیشیا سے گرفتار کرکے لایا گیا ملزم لقمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران انڈونیشیا سے گرفتار کرکے لایا گیا ملزم لقمان عرف ہلاکو خان مارا گیا تھا۔ پولیس کا موقف ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
ملزم لقمان عرف ہلاکو کے خلاف بھتہ خوری، قتل اور اقدام قتل کے 26 مقدمات درج ہیں جبکہ اس کے سر کی 10 لاکھ روپے قیمت بھی مقرر تھی۔