شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنل بے لگام، یونیورسٹی روڈ پر پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو گرفتار

Last Updated On 28 February,2020 08:27 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنل بے لگام ہو گئے، گلستان جوہر رابعہ سٹی میں دو روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی ویڈیو منظرعام پر آ گئی۔ دوسری جانب یونیورسٹی روڈ بیت المکرم مسجد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر رابعہ سٹی میں دو دن قبل ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔ فوٹیج میں ڈاکووں کو جنرل اسٹور کے باہر کھلے عام فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فائرنگ سے دکاندار خضر زخمی ہوا تھا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رابعہ سٹی میں دن میں 4 سے 5 مرتبہ وارداتیں ہونا معمول بن چکا ہے۔ پولیس کو وارداتوں کے حوالے سے متعدد بار اطلاع دے چکے ہیں۔ دو روز گزر جانے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔

دوسری جانب یونیورسٹی روڈ بیت المکرم مسجد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے، موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان ایک نوجوان کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ساجد ولد لیاقت کو گولی لگی جسے گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔