رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں با اثر افراد نے اپنی عدالت لگا لی، پنچائیت کے فیصلے پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تھانہ سی ڈویژن میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واقعہ نورے والی کے علاقے میں پیش آیا جہاں عبد الوہاب نامی 20 سالہ نوجوان کو شیخ برادری کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان پر شیخ برادری کے بچے کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اسی بات کی رنجش پر شیخ برادری نے پنچایت میں فیصلہ کیا کہ نوجوان کو پنچایت میں پوری برادری کے سامنے برہنہ کر کے جوتے مارے جائیں تاکہ بچے کو ہراساں کرنے کا بدلہ پورا ہو سکے۔
نوجوان کو پنچایت میں تشدد کا نشانہ بنانے کی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہےجس میں نوجوان پر تشدد ہوتے ہوئے واضح طور دیکھا جا سکتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں ملزمان کے چہرے شناخت ہو چکے ہیں جنکے خلاف متاثرہ نوجوان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔