لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بند روڈ پر ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے واقعات قطعی ناقابل برداشت ہیں۔ پتنگ بازی کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر 100 فیصد کنٹرول کرنا ہوگا۔ پتنگ بازی کا واقعہ پیش آیا تو متعلقہ افسران کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔