کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان کسٹمز کوئٹہ نے افغانستان سے اندرون ملک چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ ٹرک سے 20کروڑروپے سے زائد مالیت کی ایک ٹن چرس برآمد کر لی گئی۔ مفرور ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ عرفان جاوید کے مطابق خفیہ اطلاع پر کسٹمز کے عملے پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے افغانستان سے آنے والی مال بردار گاڑیوں کی خصوصی نگرانی شروع کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات کسٹمز ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب ایک دس وھلیر ٹرک کو روکنے کا اشارہ دیا تو ٹرک ڈرائیور اور اس میں سوار نامعلوم ملزمان نے ٹرک کو کچھ فاصلہ پر روک کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوئے راہ فرار اختیار کی۔
عرفان جاوید کا کہنا تھا کہ کسٹمز کے عملے نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے کر ٹرک کی مکمل تلاشی لی جسکے نتیجہ میں ٹرک میں بنائے گئے خصوصی خفیہ خانوں سے20کروڑ 70لاکھ روپے مالیت کی ایک ٹن اعلی قسم کی چرس برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کر کے مفرور ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔