فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فیصل آباد میں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے قائم سائیں دربار روڈ پر 4 مسلح ڈاکو شہری سے نقدی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوئے۔ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ڈاکوؤں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے جبکہ دو ساتھی ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت علی عدنان اور محمود کے نام سے ہوئی جو پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش بھی جاری ہے۔