اوکاڑہ: (روزنامہ دنیا) بیوی نے بچوں کے ساتھ ملکر خاوند کو ڈنڈوں سوٹوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 29/1AL کا رہائشی 45 سالہ عبدالوحید اپنے بچوں کے ہمراہ گھر میں موجودہ تھا کہ بیوی شہناز بی بی اپنے آشنا کفایت اﷲ واجد کے گھر سے آئی، جس نے آتے ہی اپنے بیٹے وقاص اور بیٹیوں رفعت اور نادیہ سے مل کر اپنے خاوند کو ڈنڈوں سوٹوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ جاں بحق ہوگیا۔
مقتول عبدالوحید کے والد محمداعظم ولد غلام سرور کی درخواست پر تھانہ شیر گڑھ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں ملزمہ اور اس کے آشنا پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ اس سے پہلے مقتول عبدالوحید پر تعویز گنڈے بھی کرتے رہے۔ پولیس نے ایف آئی آر کی روشنی میں تفتیش شروع کر دی۔