لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کےمختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی، ، چھتیں گرنے اوردیگر حادثات میں20لوگ جان کی بازی ہار گئے،حادثات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، چھتیں گرنے کے واقعات میں متعدد افرا لقمہ اجل بن گئے، تاندلیانوالہ کے قریب بارش سے گھر کی چھت زمین بوس ہوگئی۔
چھت گرنے کے بعد ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوئے، حادثے میں پانچ لوگ زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔
فیصل آباد کے نواحی گاؤں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے، مرنے والوں میں دو بہنیں اور بھائی شامل ہے۔
قصور کے مختلف علاقوں میں بھی طوفانی بارش سے 3 چھتیں گرگئیں، جس سے دوخواتین سمیت تین افراد دم توڑ گئے۔ ملتان اور پاکپتن میں بھی دو افراد چھتیں زمین بوس ہونے سے زندگی کی بازی ہارگئے۔
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، عثمان بزدار نے زخمی افراد کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔