راولپنڈی: (دنیا نیوز) چونترہ کے علاقہ میال گاؤں میں نو افراد کے قتل کیس میں پولیس نے گرفتار چار ملزمان کا تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔
ملزمان دانش، اکرام، ملک محمد اشرف اور عاقب کا جسمانی ریمانڈ انسداد دہشتگردی عدالت سے حاصل کیا گیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج قمر الزمان راجہ نے ملزمان کو نو اگست کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان کو سخت سیکورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت پیش کیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ چونترہ میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں خاندانی دشمنی پر فائرنگ، بچوں سمیت 9 افراد قتل
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں خاندانی دشمنی پر فائرنگ سے چار بچوں سمیت نو افراد قتل ہو گئے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق وجہ تنازع چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی کا ہے۔
ملزم نے رات تقریباً 8 بجے کے قریب مخالفین کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گھر کے اندر ایک جگہ پر 6 بچوں اور خواتین کی لاشیں پڑی تھیں جبکہ 3 بزرگ خواتین کی لاشیں گھر کے اندر الگ الگ موجود تھیں۔ حملہ آوروں نے اس قدر اندھا دھند فائرنگ کی کہ خواتین اور بچوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ پولیس نے علاقے کا کنٹرول سنبھالا جبکہ ایمبیولینسوں کے ذریعے واقعے میں قتل ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔