اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو ارب روپے کی منشیات پکڑ لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں 13 کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 596.42 کلو منشیات برآمد کی گئی۔ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 2 خواتین سمیت 16 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اے این ایف بلوچستان کی کارروائی، 12 ارب سے زائد کی منشیات پکڑ لیں
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی 9 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 521.300 کلوگرام چرس، 31.200 کلو گرام افیون شامل ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق دیگر منشیات میں 3.4 کلوگرام ہیروئن، 520 گرام ایمفیٹامائن (آئس) اور 40 کلوگرام کیٹامائن منشیات پکڑی گئی، برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مالیت 11.781 ملین امریکی ڈالر (تقریباً دو ارب روپے) بنتی ہے۔